کراچی، (اسٹاف رپورٹر ) سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے ویکولر ایمیشن کنٹرول پروگرام (VECOP) کے تحت فضائی آلودگی کے خلاف پانچ ماہ میں ہونے والے چالانز کی رپورٹ جاری کردی۔ نومبر 2024 سے مارچ 2025 کے دوران 356 غیر معیاری دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو فیل قرار دے کر ان پر مجموعی طور پر 7 لاکھ 6 ہزار 140 روپے کے چالان عائد کیے گئے۔ اس خصوصی مہم میں کل 1578 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 1222 گاڑیاں کلیئر ہوئیں۔ یہ مہم شہریوں کو آلودگی سے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے جس میں غیر معیاری اخراج پر زیرو ٹالرنس اپنائی جا رہی ہے۔ سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز خان نے کہا ہے کہ صاف فضا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ماحول دشمن گاڑیوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جا رہی ہے۔ یہ صرف مہم نہیں بلکہ ماحولیاتی انقلاب کی طرف عملی قدم ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Home / پاکستان / کراچی میں آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں پر 7 لاکھ کے چالان، سیپا کی پانچ ماہ کی رپورٹ جاری ماحولیاتی دشمنوں کے خلاف زیرو ٹالرنس، یہ مہم نہیں انقلاب ہے، سیکریٹری آغا شاہنواز خان