تازہ ترین
Home / اہم خبریں / کراچی اسپورٹس میں نئی تاریخ رقم پہلے بلائنڈ ویمنز کرکٹ میچ کا انعقاد

کراچی اسپورٹس میں نئی تاریخ رقم پہلے بلائنڈ ویمنز کرکٹ میچ کا انعقاد

کراچی، (رپورٹ ذیشان حسین) کراچی میں کھیلوں کے حوالے سے نئی تاریخ رقم ہو گئی،شہر قائد کی تاریخ کے پہلے بلائنڈویمنز کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں سول لائنز یوتھ کرکٹ فاؤنڈیشن الیون نے پی اے سی سی الیون کو9وکٹوں سے شکست دے دی۔سول لائنز یوتھ کرکٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اور زیر انتظام منعقدہ میچ کے دیگر اشتراک میں بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن،پاکستان امریکن کلچرل سینٹر،روٹری کلب آف کراچی ایونیواورنیو ایلیٹ لائنز کلب شامل تھے۔ پی اے سی سی کے صدر مخدوم علی ریاض مہمان خصوصی تھے جنہوں نے سول لائنز یوتھ کرکٹ فاؤنڈیشن کے چیئر مین جاوید جھانگڑا،سلمان الٰہی اورامتیاز احمد شیخ کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن ثروت نسیم شاہ،پی اے سی سی کے جیلانی یوسف، چیئر مین ایونٹ زوہیب جھانگڑا،صہیب انصر،عمران کاٹیا،جعفر کاٹیا،قادر موسانی،روٹری کلب کراچی ایونیو کے فیصل مقصود،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ترجمان آصف عظیم،قدسیہ راجااور دیگر بھی موجود تھے۔مہمان خصوصی پی اے سی سی کے صدر مخدوم علی ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے بھی خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے،بصارت سے محروم خواتین کا کرکٹ جیسے ٹیکنیکل اور مشکل کھیل میں آنا خوش آئند ہے مجھے امید ہے کہ آج جو ویمن بلائنڈ کرکٹ کاپودا ہم نے کراچی میں لگایا ہے یہ آگے چل کر تن آور درخت بن جائے گا۔ڈائرکٹر ایونٹ امتیاز احمد شیخ نے ایونٹ کی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ بلائنڈویمنز کرکٹ میچ کاکامیاب انعقاد کراچی میں کھیلوں کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے،اس ایونٹ کے لئے خاص طورپر تعاون کرنے پر میں تمام اسپانسرز کا شکر گزار ہوں،ایونٹ میں تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور ثابت کیا کہ اگر ان کو مواقع میسر ہوں تو وہ بلائنڈ کرکٹ میں بھی پاکستان کا نام روشن کر سکتی ہیں۔ میچ کے میزبان سول لائنز یوتھ کرکٹ فاؤنڈیشن کے چیئر مین جاوید جھانگڑا نے اس موقع پر میچ کی میزبانی کو اپنی فاؤنڈیشن کے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تاریخ کے اولین بلائنڈ ویمنز کرکٹ میچ کی میزبانی کر کے جتنی مسرت ہمیں ملی ہے اس کا کوئی اندازہ نہیں کر سکتا،بلا شبہ کھیل اور کھلاڑیوں کی خدمت کے حوالے سے یہ ہمارے لئے اعزازہے،ہماری کوشش ہوگی کہ بلائنڈویمنز کرکٹ کے لئے مستقبل میں بھی اپنی خدمات پیش کریں۔بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سلمان الٰہی کا کہنا تھا کہ بصارت سے محروم افراد کے لئے ہماری فاؤنڈیشن کافی عرصہ سے کام کر رہی ہے اور ہم نے متعدد نیشنل ایونٹس کامیابی سے منعقد کئے ہیں آج کا میچ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے،یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے پی اے سی سی الیون نے 84رنز اسکور کئے جس میں رابعہ کے34اورعروج کے26رنز بھی شامل تھے۔جواب میں فاتح ٹیم سی ایل وائی سی ایف الیون نے ایک وکٹ پر ہدف حاصل کر لیا۔انیتا نے 57اور لائبہ نے 25رنز بناکر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر خواتین شائقین کرکٹ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

ہم عوام کے ہر دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہیں

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے