فیصل آباد, (ذیشان حسین) چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوسرے میچ میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے نور پور لائنز کو 133 رنز سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے بننے والی چار نصف سنچریوں نے اس جیت میں اہم کردار ادا کیا اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں الائیڈ بینک اسٹالیئنزکے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اسٹالیئنز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز اسکور کیے نورپور لائنز جواب میں 39.3 اوورز میں 203رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اسٹالیئنز کی اننگز میں بابراعظم 79 گیندوں پر 76 رنز اسکور کرکے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے طیب طاہر کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں114 رنز کا اضافہ کیا طیب طاہر نے 2 چھکوں اور7 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی کپتان محمد حارث نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 4 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔انہوں نے حسین طلعت کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا حسین طلعت 50 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ شان مسعود نے 41 رنز اسکور کیے لائنز کی طرف سے عامر جمال نے 60 اور شاہین آفریدی نے 63 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں لائنز کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور صرف22 رنز کے مجموعی اسکور پر تین بیٹرز سجاد علی ہاشمی ( صفر ) عبداللہ شفیق ( 9 ) اور عمیر بن یوسف ( 2 ) آؤٹ ہوگئے شرون سراج اور امام الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز کا اضافہ کیا۔ شرون سراج 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے امام الحق نے 83 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے78 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے اسٹالیئنز کی طرف سے حارث رؤف نے 43 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔محمد علی اور جہانداد خان نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔