کراچی, (رپورٹ، ذیشان حسین) بصارت سے محروم خواتین میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن، پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتما م اور ڈی ایچ اے کراچی کے تعاون سے ڈی ایچ اے سٹی میں نیشنل گیمزفاربلائنڈ مینز 2023کا آغاز جمعہ22دسمبر سے ہوگا۔ان گیمز میں میں ملک بھر سے بصارت سے محروم80سے زائدمرد ایتھلیٹ کوچز اور آفیشلزشرکت کریں گے،یہ بات چیئر پرسن بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن ثروت نسیم شاہ اورسی ای اوبینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن سلمان الہی نے کراچی پریس کلب میں بدھ کو منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرڈائرکٹر ایونٹس نیشنل گیمز فار بلائنڈ مینز امتیاز شیخ، ڈی ایچ اے کراچی کے ڈائرکٹر کرنل (ر) صدیق،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت اور دیگر بھی موجود تھے۔چیئر پرسن بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن ثروت نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بلائنڈ اسپورٹس کے حوالے سے بینائی فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے سالانہ کلینڈر کی بنیاد پر ایونٹس کا سلسلہ جاری ہے۔یہ وقت کی ضرورت ہے کہ دنیا بھر کی طرح ہمارے ملک میں بھی بصارت سے محروم افرادکو معاشرے میں اس طرح تکریم دی جائے جس طرح دوسرے ممالک میں ان کی بنیادی ضروریات سے لے کر ا ن کی سماجی اور کھیلوں کی سرگرمیوں تک خیال رکھا جاتا ہے،پاکستان میں اس طرز کا کام کرنے والوں کی بھی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔سی ای اوبینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن سلمان الہی کا کہنا تھا کہ بصارت سے محروم کھلاڑیوں کے اس سال نیشنل گیمز فار بلائنڈ مینزمیں چار کھیل بلائنڈ فٹ بال،بلائنڈ شطرنج،بلائنڈ جوڈو اور بلائنڈ ایتھلیٹکس کو شامل کیا گیا ہے۔ان گیمز میں پنجاب،بلوچستان،سندھ،خیبر پختونخوا،اسلام آباد،آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے 80سے زائدکھلاڑی،کوچز اور آفیشلز شرکت کریں گے۔افتتاحی تقریب 22دسمبر کو ہوگی جس کے بعد کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی جائے گی، مقابلے منعقد کئے جائیں گے،ایونٹ کی اختتامی تقریب25دسمبرکو منعقد ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اس ایونٹ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگا یا جا سکتا ہے کہ ملک بھر کے بصارت سے محروم کھلاڑی اس ایونٹ کا سال بھر انتظار کرتے ہیں اور اس میں جوش وخروش سے حصہ لیتے ہیں۔ہماری پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے درخواست ہے کہ اس ایونٹ کو نمایاں طور پرجگہ دیں تاکہ ہماری حوصلہ افزائی ہو سکے۔ ڈائرکٹر ڈی ایچ اے سٹی کرنل (ر)صدیق کا کہنا تھا کہ کھیل کسی بھی معاشرے میں نمایاں حیثیت کے حامل ہوتے ہیں،بصارت سے محروم افراد کے کھیل کی تو اہمیت ہی الگ ہے،ہمیں خوشی ہے کہ ڈی ایچ اے سٹی میں اس ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے،اس طرح اس غیر معمولی کام میں ہمارا بھی حصہ شامل ہے،ہماری کوشش ہو گی کہ اس میگا ایونٹ کو عمدہ انداز سے منعقد کیا جائے اور ملک بھر سے آنے والے بلائنڈ ایتھلیٹس کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو دیگر کھیلوں اور کھلاڑیوں کو ملتی ہیں۔ڈائرکٹر ایونٹس نیشنل گیمزفار بلائنڈ مینز امتیازاحمد شیخ نے بتایا کہ بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن بصارت سے محروم افراد میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایونٹس کا انعقاد مسلسل کر رہی ہے،رواں سال جولائی میں لاہور میں بھی نیشنل ایونٹ منعقد کیا جا چکا ہے،نیشنل گیمز فار بلائنڈمینز کے انعقاد کے لئے ہمیں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، جوڈو ایسوسی ایشن،سندھ چیس ایسوسی ایشن اور فٹبال ایسوسی ایشن کی بھر پور معاونت حاصل ہے۔سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت کا کہنا تھا کہ نیشنل گیمز فار بلائنڈ کے لئے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی بھر پور تیکنیکی معاونت بینائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو حاصل رہے گی کھلاڑیوں کی پریکٹس اور ان کی اسکلز میں اضافہ کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ اس ایونٹ کو بھی گزشتہ ایونٹس کی طرح کامیاب بنایا جا سکے۔