لاہور، (نوپ اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ کے فروغ کے لیے شہید بے نظیر بھٹو خواتین یونیورسٹی پشاور کے ساتھ لیز کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے اس معاہدے کے تحت شہید بے نظیر بھٹو خواتین یونیورسٹی پشاور اپنا کرکٹ گراؤنڈ پی سی بی کو لیز پر دے گا جہاں وہ خواتین کی کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک جدید کرکٹ اکیڈمی کی بنیاد رکھے گا اس تعاون کا مقصد کرکٹ کی خواہشمند خواتین کو اعلی درجے کی سہولتیں اور خدمات فراہم کرنا ہے۔یونیورسٹی میں ہاسٹل کی سہولتوں کی دستیابی سے صوبہ خیبرپختونخوا کی خواتین کرکٹرز کی کرکٹ گراؤنڈ تک رسائی کو ممکن بنایاجاسکے گا سربراہ ویمنز کرکٹ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشار کے ساتھ شراکت دراصل پی سی بی کے اس وژن کو ظاہر کرتی ہے جس کا مقصد خواتین کرکٹ کو ترقی دینا ہے۔ اکیڈمی کھلاڑیوں کی مہارت اجاگر کرنے کے ایک اہم مرکز کے طور پر کام کرے گی کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ خواتین کرکٹ کو آگے بڑھتا دیکھنے کے لی پرعزم ہے شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد نے بھی اس قدم کا خیرمقدم کیا اور خواتین کی کرکٹ کی بہتری کے لیے پی سی بی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید ظاہر کی۔