لاہور، (نوپ اسپورٹس) پاکستان کے معروف ٹیلی کمیونی کیشن اور مربوط آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G) نے نویں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے معروف پاکستانی کرکٹ فرنچائز پشاور زلمی کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر دستخط کیے ہیں۔ اس شراکت داری کا باضابطہ اعلان لاہور میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں کیا گیا، جس میں دونوں اداروں کی اعلیٰ انتظامیہ، کرکٹ کھلاڑیوں اور میڈیا و شوبز کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی یہ شراکت داری دو ایسے متحرک اداروں کے درمیان طویل مدتی اتحاد کے شاندار آغاز کا مظہر ہے، جو اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کے حامل ہیں۔ دونوں ادارے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی صلاحیتوں اور تعمیری توانائیوں کو بروئے کار لانے کے لیے ملک میں ایک مضبوط کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے مشن پر کاربند ہیں اور انہوں نے ہونہار کھلاڑیوں کو مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کرکے نئے ٹیلنٹ کے ساتھ پاکستان کے کھیلوں کے شعبے کو مستحکم کیا ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کھیلوں کو سماجی و اقتصادی اور ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ کے لیے ایک طاقتور محرک کے طور پر بروئے کار لاتا رہا ہے۔ گروپ ایک مضبوط ملک گیر سی ایس آر پروگرام بھی چلا رہا ہے، جو پسماندہ طبقوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے دوسری جانب، پشاور زلمی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سالانہ مقابلوں کی ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس کے شائقین دنیا بھر موجود ہیں۔ محبت سے ’یلو اسٹورم‘ کے نام سے یاد کیا جانے والا یہ فرنچائز اپنے سی ایس آر پروگرامز کے ذریعے ایک مثبت سماجی کردار ادا کر رہا ہے، جس میں دیگر اقدامات کے علاوہ سابقہ فاٹا اور گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کی کھیلوں میں شرکت کو ممکن بنانا بھی شامل ہے دونوں برانڈز کرکٹ کو معاشرے میں اچھائی کی قوت کے طور پر استعمال کرنے کے علاوہ شائقین کو کرکٹ کا ایک دلچسپ اور یادگار تجربہ فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اس شراکت داری کے تحت کچھ قابل ذکر اقدامات میں کھلاڑیوں کی تربیت اور ٹیلنٹ ہنٹ ٹورنامنٹ، خیبر پختونخوا کے دور دراز اضلاع میں اسکول کی سطح پرکرکٹ پچز اور سہولیات کی تعمیر اور خواتین کرکٹرز کو اپنی کرکٹ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔
اس شراکت داری کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون 4G کے گروپ چیف مارکیٹنگ آفیسر سید عاطف رضا نے کہا ، ’’ہمیں پشاور زلمی کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے، کیونکہ یہ پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ایک پسندیدہ کرکٹ برانڈ ہے۔ اس شراکت داری سے ہمیں کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے مشترکہ مشن کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے اگر بروئے کار لایا جائے تو پاکستان تمام بین الاقوامی کھیلوں کے میدانوں میں اپنا مقام بنا سکتا ہے۔‘‘پشاور زلمی کے چیئرمین، جاوید آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ایس ایل 9 کے لیے پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر پرجوش ہیں۔ اس شراکت داری سے ہمیں ملک میں کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی، جس میں پسماندہ طبقوں اور علاقوں کی شمولیت پر خاص توجہ دی جائے گی۔ پی ٹی سی ایل گروپ اور پشاور زلمی دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے فعال پلیٹ فارم فراہم کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ ہم اس سلسلے میں اپنے کردار کو مزید بڑھانے کی کوشش کریں گے۔‘‘واضح رہے کہ پشاور زلمی کے کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی، بابر اعظم، یوفون 4G کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں، جو دونوں اداروں کے مشترکہ وژن اور سمت کی نشاندہی کرتا ہے پی ایس ایل کے شاندار مقابلوں کے علاوہ، اس شراکت داری کا مقصد لوگوں کو مختلف تفریحی اور صحت مندانہ سرگرمیاں بھی فراہم کرنا ہے، جن میں فین پارک اور ساحل سمندر پر کرکٹ کے مقابلے شامل ہیں۔ مزید برآں، صارفین کو کھیلوں کا ایک جامع تجربہ فراہم کرنے کے لیے متعدد جدید مصنوعات اور خدمات، دلچسپ تحفے اور مزیدار ڈیجیٹل مواد بھی پیش کیا جائے گا۔
Home / اہم خبریں / پی ایس ایل 9: پی ٹی سی ایل گروپ اور پشاور زلمی نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اشتراک کرلیا