کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پی ایس ایل نائن میں ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو20 رنز سے شکست دے دی۔ سلطانز کے عثمان خان کے ناقابل شکست106رنز، کپتان اوپنر محمدرضوان اورعثمان خان کی دوسری وکٹ کی ریکارڈ شراکت میں 148 رنزنے سلطانز کو190 رنز کا ایک بڑاہدف فراہم کیا جو کنگز کے لئے حاصل کرنا ناممکن تھا،عثمان خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن نائن میں ملتان سلطانز نے اپنے مقررہ20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں کراچی کنگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی۔ کنگز نے اپنی بیٹنگ میں کوئی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ کپتان اوپنر شان مسعود29 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ شعیب ملک نے 28 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے اور وہ خوشدل شاہ کی گیند پر جورڈن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔محمدنواز نے 17 گیندوں پر ایک چھکے اور3 چوکوں کی مدد سے27رنزناٹ آئوٹ بنائے جبکہ میرحمزہ 4رنزبناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ عرفان خان 23،حسن علی17،لیوس ڈو پلوئے12، جیمز ونس،،وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم سیفرٹ ایک رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔سلطانز کے اسامہ میر نے اپنے مقررہ4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، کرس جارڈن، خوشدل شاہ ، ڈیوڈ ولی اور محمد علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس سے پہلے سلطانزکے کپتان محمدرضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے مقررہ20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے تھے۔ سلطانز کے کپتان اوپنر محمدرضوان اورعثمان خان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 148 رنز بنائے۔انہوں نے 18 فروری 2024 کوملتان میں کراچی کنگز کے خلاف سلطانز کی جانب سے ملان اور ہینڈرکس کے درمیان بنے والی دوسری وکٹ کی شراکت میں 121رنز کے ریکارڈ کو بھی توڑا۔ جب مجموعی اسکور 164 رنز پر پہنچا تو رضوان44 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے58 رنز بناکر بلیسنگ مزربائی کی گیند پرشان مسعود کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ عثمان خان نے 56 گیندوں پر سینچری بناکر پی ایس ایل کی تیزترین سینچری کا ریکارڈ بنایا، انہوں نے 59 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 106 رنزبنائے خوشدل شاہ بھی 6 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔رضا ہینڈرکس 13 اور افتخاراحمد4رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔کنگز کے بلیسنگ مزربائی نے اپنے مقررہ4اوورز میں 32 رنز دیکر2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیاجبکہ حسن علی ایک وکٹ حاصل کی۔