کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن پی ٹی وی نے کے آر ایل کو 155 رنز سے شکست دیدی اس سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 10 وکٹوں سے اور واپڈا نے غنی گلاس کو 294 رنز سے ہرایا تھا ان دونوں میچوں کا فیصلہ تیسرے دن ہی ہوگیا تھا آج یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کے آر ایل نے 426 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز 95 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پوری ٹیم 270 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عبدالفصیح نے پہلی اننگز کی نصف سنچری کے بعد دوسری اننگز میں بھی سنچری اسکور کی اور پندرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز بنائے تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی دوسرا بیٹر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکا پی ٹی وی کی طرف سے فیصل اکرم ایک بار پھر سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے 87 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں جہانداد خان نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے پریذیڈنٹ ٹرافی کا آخری راؤنڈ 21 جنوری سے شروع ہوگا یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل کا مقابلہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ہوگا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ٹی وی کی ٹیم واپڈا کا سامنا کرے گی۔