کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں اور آخری راؤنڈ کے پہلے دن بولرز نمایاں رہے۔ پی ٹی وی کے لیفٹ آرم اسپنرز فیصل اکرم نے سات اور واپڈا کے آصف آفریدی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایس این جی پی ایل کے سعود شکیل نے سنچری اسکور کی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ٹی وی اور واپڈا کے درمیان میچ کے پہلے ہی دن 22 وکٹیں گرگئیں۔
پی ٹی وی نے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم واپڈا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم 146 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عزیر ممتاز آٹھ چوکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ حسن محسن نے 43 رنز اسکور کیے۔ آصف آفریدی نے 67 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ خالد عثمان نے 43 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا واپڈا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 124 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فیصل اکرم نے 47 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل ختم ہونے پر پی ٹی وی نے اپنی دوسری اننگز میں51 رنز بنائے تھے اور اس کی دو وکٹیں گری تھیں۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ٹاس جیت کر ایس این جی پی ایل کو بیٹنگ دی جو 279 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعود شکیل نے گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 102 رنز اسکور کیے۔ مبصرخان نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ وسیم اکرم نے 50 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں ہائر ایجوکیشن نے دن کا کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 24 رنز بنائے تھے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس نے ٹاس جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بیٹنگ دی جو 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمر امین نے تیرہ چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔ انہوں نے عثمان صلاح الدین کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں119 رنز کا اضافہ کیا۔ عثمان صلاح الدین نے سات چوکوں کی مدد سے 50 رنز اسکور کیے۔ محمد محسن نے 61 رنز کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے شامل تھے۔ محمد رمیز جونیئر نے 122 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں ابتک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ شعیب اختر نے 39 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کیے جواب میں غنی گلاس نے کھیل ختم ہونے پر 62 رنز بنائے تھے اور اس کا کوئی بھی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔
Home / اہم خبریں / پریذیڈنٹ ٹرافی: فیصل اکرم کی سات اور آصف آفریدی کی پانچ وکٹیں، سعود شکیل کی سنچری