کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات عابد علی کی سنچری اور آصف آفریدی کی پانچ وکٹیں تھیں یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم واپڈا کے اسکور 328 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 292 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عابد علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے147 رنز اسکور کیے۔ اس اننگز میں دوسرا بڑا اسکور 41 کامران غلام کا رہا آصف آفریدی نے 124 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ خالد عثمان نے89 رنز کے عوض 4 کھلاڑی آؤٹ کیے واپڈا نے پہلی اننگز میں 36 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں 64 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ احمد شہزاد 8 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کے آر ایل نے اسٹیٹ بینک کے خلاف دوسری اننگز میں 101 رنز بنائے تھے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ اس طرح اسے 176 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے اور اس کی 3 وکٹیں باقی ہیں معاذ صداقت 42 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
رمیز عزیز تین وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اس سے قبل اسٹیٹ بینک کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عرفان خان نیازی نے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے عمر خان نے 41 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم پی ٹی وی کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 231 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اس طرح اسے پہلی اننگز میں 15 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ عبید شاہد 57 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے پی ٹی وی نے کھیل ختم ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں 122 رنز بنائے تھے اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔حسن نواز نے59 رنز اسکور کیے۔