کراچی، (نوپ نیوز) اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان کے زیر انتظام سال 2024ءکے امتحانات ملک بھر میں قائم امتحانی مراکز میں شروع ہو چکے ہیں۔ دینی مدارس و جامعات کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد امتحانات میں شریک ہے۔ ناظم امتحانات اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان مفتی حافظ اکرام اللہ واحدی نے مختلف مراکز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور طلبہ و طالبات کے لیے ہر ممکن سہولیات کی ہدایت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی حافظ اکرام اللہ واحدی کا کہنا تھا کہ شفاف اور جدید نظام تعلیم ہی ترقی کی راہ پر چلنے میں آسانی پیدا کرتا ہے اور اسی سے انسان بہترین معاشرہ بنانے میں کامیاب ہوتا ہے۔ناظم اعلیٰ اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان نے تمام امتحانی مراکز پر طلبہ و طالبات کی آسانی کے لیے سہولیات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔