پرتھ، (ویب اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم شان مسعود کی قیادت میں کل آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے پرتھ اسٹیڈیم میں اترے گی۔ تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کے لیے کھیلی جارہی ہے پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے پاکستان اسوقت آئی سی سی کی ٹیسٹ عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن آسٹریلیا بھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی دوسری سیریز کھیلے گا۔ انگلینڈ کے خلاف دو ٹییسٹ جیتنے دو ہارنے اور ایک ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے کے بعد آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر اسوقت پانچویں نمبر پر ہے پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 20-2019 میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی جس میں اسے دو صفر سے شکست ہوئی تھی دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز مارچ 2022 میں پاکستان میں کھیلی گئی تھی۔ تین میچوں کی وہ ٹیسٹ سیریز آسٹریلیا نے ایک صفر سے اپنے نام کی تھی موجودہ ٹیسٹ سیریز میں قیادت شان مسعود کررہے ہیں جو پاکستان کے 35 ویں ٹیسٹ کپتان بن گئے ہیں سیریز کا پہلا ٹیسٹ بابر اعظم کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ۔ وہ پاکستان کے لیے اپنا 50 واں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم اسوقت چوتھے نمبر پر ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اسوقت سعود شکیل اور عبداللہ شفیق بالترتیب 295 اور 228 رنز کے ساتھ پاکستان کے دو سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ سلمان علی آغا نے 221 رنز بنائے ہیں اور 3 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے چھ وکٹیں حاصل کی ہیں آسٹریلیا کے موجودہ دورے میں پاکستان ٹیم نے کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ کھیلا ہے جو ڈرا ہوگیا اس میچ میں کپتان شان مسعود نے ڈبل سنچری اسکور کی۔
اسپنر ابرار احمد کے ان فٹ ہونے کے سبب آف اسپنر ساجد خان نے ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے کپتان شان مسعود کا پہلے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ہم کس طرح کی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور اس کے نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اگر ہماری ٹیم نے پانچ دن اچھی کرکٹ کھیلی تو یقیناً نتائج بھی درست ہونگے۔ ہمارے لیے اس وقت اہم بات یہ ہے کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کیسے آگے بڑھتے ہیں اور اگر ہم صحیح کرتے ہیں تو ہمیں نتائج بھی اچھے ملیں گے شان مسعود کا کہنا ہے کہ اس کھیل کی خوبصورتی یہی ہے کہ آپ کچھ مختلف کرکے دکھائیں اور ہم ایک ٹیم کے طور پریہی کچھ کردکھانا چاہتے ہیں۔ ہم دلچسپ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ مجھے اس ٹیم میں بہت زیادہ صلاحیت نظر آتی ہے اور بہت سارے کھلاڑی پاکستان کو آگے لے جا سکتے ہیں۔ ہمارے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم بہترین ٹیم کے خلاف مقابلہ کر سکیں شان مسعود کا کہنا ہے کہ سیریز جیتنے کا مطلب ہمارے لیے دنیا ہے اور جب آپ بڑی تصویر کو دیکھتے ہیں تواس کا مطلب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہے جہاں ہر میچ اور ایک ایک پوائنٹ شمار ہوتا ہے اور یہ دو سال کا سلسلہ ہے جہاں ہمیں مزید کئی ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں اور اس کا آغاز کرنے کے لیے آسٹریلیا بہترین جگہ ہے اور یہ اندازہ لگانے کے لیے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: شان مسعود ( کپتان )، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد ( وکٹ کیپر )، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامرجمال اور خرم شہزاد۔
Home / اہم خبریں / پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے سخت چیلنج کے لیے پوری طرح تیار، پہلا ٹیسٹ کل سے پرتھ میں شروع ہوگا