لاہور، (نوپ اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ، ٹرافی کی تقریبِ رونمائی لاہور میں واقع پولو گراونڈ میں منعقد ہوئی۔تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، فرنچائز مالکان، ایچ بی ایل کے نمائندوں اور اسٹار کرکٹرز نے شرکت کی۔تقریب میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز، کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی شریک تھے، ٹرافی کو” دی اورین ٹرافی” کا نام دیا گیا ہے۔ ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل اپنے نویں سیزن میں داخل ہو رہی ہے اور مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے لیے ایک کامیابی کی کہانی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ میں لیگ کے ٹائٹل سپانسر ایچ بی ایل کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، انہوں نے اپنے تعاون سے ہمارے ملک میں کرکٹ کے کھیل کو حقیقی معنوں میں ترقی دی ہے، گزشتہ آٹھ سالوں میں تمام کامیابیاں ایچ بی ایل کی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، میں آج یہاں موجود تمام چھ ٹیموں کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور میں تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، بہترین ٹیم اس باوقار ٹرافی کو اٹھائے گی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کے لوگوں کے دلوں سے جڑی ہوئی ہے جو کھیل کے ہر سنسنی خیز لمحے کی قدر کرتے ہیں۔ زبردست چھکے ہوں، تیز بولنگ ہو ، اور اعلی درجے کے کیچز ہوں ، ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک جذباتی رولر کوسٹر پیش کرتی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ میں لیگ کے ٹائٹل اسپانسر ایچ بی ایل کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، انہوں نے اپنے تعاون سے ہمارے ملک میں کرکٹ کے کھیل کو حقیقی معنوں میں ترقی دی ہے گزشتہ آٹھ سالوں میں تمام کامیابیاں ایچ بی ایل کی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔میں آج یہاں موجود تمام چھ ٹیموں کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور میں تمام ٹیموں کو سیزن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ بہترین ٹیم اس باوقار ٹرافی کو اٹھائے۔اس موقع پراسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے لیے پرجوش ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ کی کامیاب ترین ٹیموں میں سے ایک رہی ہے اور ہم اسے اس سیزن میں شاندار فتح کے ساتھ بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہمارے پاس اپنی تاریخ کا ایک بہترین ڈرافٹ تھا اور اس سیزن میں کچھ انتہائی دلچسپ کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ میں موجود ہوں گے۔کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی کنگز ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنی شاندار پرفارمنس کے ساتھ صورتحال بدلنے کے لیے تیار ہے۔ ٹورنامنٹ کی تیاری اعلی ترین رہی ہے اور میں ٹورنامنٹ میں کچھ معیاری نتائج کی توقع کرتا ہوں۔ہمارے پاس ایک نیا کوچ اور کپتان ہے۔ عاطف رانا، سی ای او لاہور قلندرز نے کہا کہ دو بار ایچ بی ایل پی ایس ایل چیمپئن کی حیثیت سے ہم لیگ کی تاریخ میں پہلی بار فتح کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے لیے بے تابی سے منتظر ہیں ہمارے شائقین بھی نہ صرف لاہور میں ہوم گیمز کے دوران بلکہ اوے گیمز میں بھی اسٹیڈیم کو بھرنے اور اپنی پوری قوت سے ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہیں۔میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں اورین ٹرافی جیتنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔ ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے کہاکہ میں دوبارہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں۔ اس کا حصہ بننا اتنا ہی دلچسپ ہے کہ یہ ملک بھر میں بہت سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتا ہے۔ اس سیزن اور پچھلے سیزن کے درمیان بہت کچھ ہوا ہے اور میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ سلطانز اس سال بھی اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھیں گے محمد رضوان اینڈ کمپنی کی طرف سے ٹرافی اٹھانے کے ساتھ اس دلچسپ سیزن کا اختتام بہت اچھا ہو گا۔ پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے کہا کہ میں اس بات پر خوش ہوں کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن شروع ہورہا ہے اور بابر اعظم کی زیر قیادت پشاور زلمی ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے تیار ہے۔ ہمارے شائقین ٹورنامنٹ شروع ہونے کا پورا سال انتظار کرتے ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ میری ٹیم ہر میچ میں شاندار کارکردگی دکھائے۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ پشاور زلمی اس سال بھی اٹیکنگ انداز کی کرکٹ کھیلے گی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ ہم پانچوں ٹیموں کا مقابلہ کرنے اور چاروں مقامات پر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے منتظر ہیں۔واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹرافی اورین خالص چاندی سے بنی اور سفید سونے میں لپٹی ہوئی ہے اور یہ خوبصورت ٹرافی ہر نگاہ کو اپنی جانب متوجہ کرلیتی ہے۔