پشاور، (اسپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہمیں بھی افسوس ہے، جب ٹیم اچھی کارکردگی نہیں دکھاتی تو اس کی ایک وجہ نہیں ہوتی، مختلف خامیاں ہوتی ہیں جس کی وجہ سے پرفارمنس خراب ہوتی ہے۔ جو لوگ تنقید کا سامنا نہیں کر سکتے وہ دنیا میں کچھ نہیں کر سکتے۔ وہ سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام انٹرنیشنل سپورٹس جرنلسٹس ڈے اور اے آئی پی ایس کی 100 ویں سالگرہ تقریب کے موقع سے خطاب کر رہے تھے، محمد رضوان کا کہنا تھا کہ مجھے بال اور بیٹ کے علاہ کچھ نہیں آتا، انسان کے ہاتھ میں محنت اور ہمت ہے انہوں نے کہا ہے کہ جب ہم ملک کے لئے کھیلتے ہیں تو ہمارے ذہن میں صرف یہ بات ہوتی ہے کہ ہماری مخالف ٹیم کونسی ہے، ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم ملک کے لئے کیا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے شعبے میں تعصب کی باتیں نہیں ہونی چاہئیں۔ پٹھانوں کو جو طاقت اللہ نے دی ہے اگر وہ استعمال کرے تو وہ بہت کچھ کرسکتے ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے شعبے میں بہترین کارکردگی دکھائیں اور اپنے حصے کا کام کریں۔ ایک سوال کے جواب میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ ٹیسٹ سیریز ہے، کراچی میں کیمپ جاری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہمیں بھی مایوسی ہوئی، جو تنقید ہم پر ہورہی ہے ہم اس کے حقدار ہیں، میگا ایونٹ میں قوم کو ہم سے بہت امیدیں تھیں تاہم میں قوم کا شکر گزار ہوں کہ اب بھی سب پیارکرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ ٹیم سے متعلق بہت سی ایسی باتیں ہوئی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں سرجری کی بات ہوئی وہ چیئرمین ہیں اور یہ ان کا حق ہے کہ ٹیم کو بہتر بنائیں۔
Home / اہم خبریں / ٹی 20 ورلڈ کپ کی کارکردگی پر ہمیں بھی افسوس ہے، محمد رضوان جب ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ ہو تو اس کی کوئی ایک وجہ نہیں ہوتی، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کی ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے کی تقریب سے خطاب