کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کے تحت سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائے اور تمام عوامی منصوبوں کو اپنے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔ ملیر ایکسپریس وے پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرکے جو جو انٹرچینج مکمل ہوجائیں ان کو عوام کے لئے کھولنے کے اقدامات کئے جائیں۔ کے ڈی اے کے تحت 92 اسکیموں میں جہاں جہاں فنڈز کی کمی ہے اس کی فوری رپورٹ بنا کر دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنی صدارت میں محکمہ بلدیات کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید خالد حیدر شاہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ اندرون سندھ عبدالغنی شیخ، ڈی جی کے ڈی اے شجاعت حسین و دیگر موجود تھے۔اجلاس میں ملیر ایکسپریس وے، شارع فیصل سمیت سندھ بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ پی ڈی ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو نے بتایا کہ ملیر ایکسپریس وے پر کام تیزی سے جاری ہے اور 27 ارب روپے کی لاگت سے 38 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے 30 جون 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ہماری کوشش ہونا چاہیے کہ ایکسپریس وے کے جو 6 انٹرچینج میں سے جو جو مکمل ہوتا جائے وہاں پر عام ٹریفک کو شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی اس پورے ایکسپریس وے کا دورہ کرکے اس سلسلے میں مزید کوئی فیصلہ کریں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سعید غنی نے کے ڈی اے کے تحت 92 جاری اسکیموں بشمول شارع فیصل کی بیوٹیفیکیشن کی اسکیم کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے بتایا ہے کہ یہ اسکیم دو سالہ ہے اور اب اس اسکیم میں مزید کچھ چیزوں کا اضافہ وزیر اعلٰی سندھ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں ہوا ہے، جس کے بعد اس کی ریوائس اسکیم بھیجی گئی ہے۔سعید غنی نے کہا کہ شارع فیصل بیوٹیفیکیشن کی اسکیم حوالے سے جلد ہی ایک علیحدہ اجلاس بلا کر تمام صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ڈی جی کے ڈی اے کو ہدایات دی کہ جو منصوبے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار ہیں اس کی فوری رپورٹ پیش کرکے ان منصوبوں کو رواں سال میں ہی مکمل کرایا جائے۔ صوبائی وزیر نے پروجیکٹ ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ کو بھی ہدایات دی کہ وہ جاری منصوبوں کو اپنے وقت مقررہ پر مکمل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔