کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے ایک ملاقات میں صوبے کے 28 بار ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں سے بات چیت کرکےانکے مسائل سنے اور انہیں 133.5 ملین روپے کی گرانٹ جاری کی۔ اجلاس میں نگراں وزیر قانون عمر سومرو، وزیر اطلاعات احمد شاہ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ایڈووکیٹ معیز بیگ، سیکرٹری قانون علی احمد بلوچ اور مختلف ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہائیکورٹ کے منتخب نمائندوں اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے قانون اور آئین کی بالادستی میں وکلاء کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی کام اور مقصد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے جس کیلئے اس نے تمام ضروری انتظامات کر لیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء ہونے کے ناطے ہمیں معاشرے کے دیگر طبقات بالخصوص قانون سازوں کے ساتھ اچھے روابط رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء کو چاہیے کہ وہ معاشرے پر گہری نظر رکھیں اور معاشرے کے پسماندہ طبقے کی بھرپور مدد کریں۔ وزیراعلیٰ نے حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانو کی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے ہر ایک کو 10 ملین روپے کے چیک حوالے کئے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کو 20 ملین روپے، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد اور سکھر کو 10-10 ملین روپے، ملیر کو 7.5 ملین روپے، نواب شاہ اور خیرپور کو 5-5 ملین روپے، شکارپور کو 40 لاکھ روپے، بدین، دادو، جامشورو، گھوٹکی، مٹھی،سانگھڑ، عمرکوٹ، جیکب آباد، کشمور، شہداد کوٹ، سجاول اور نوشہروفیروز کو کو 20-20لاکھ روپے، ٹھٹھہ کو 30 لاکھ روپے اور ٹنڈو محمد خان، مٹیاری اور ٹنڈو الہیار ڈسٹرکٹ بار کو 10-10لاکھ روپے کے چیک جاری کئے۔ وزیراعلیٰ نے ضلع نوشہروفیروز کی تعلقہ بار ایسوسی ایشن بھیریا کو 20 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے وکلاء برادری کے ساتھ تعاون اور انکے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا
Home / اہم خبریں / وزیراعلیٰ جسٹس باقر نے صوبے کی 28 بار ایسوسی ایشنز کو 133.5 ملین روپے کی گرانٹ جاری کردی