کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین ) ڈی جے اسپورٹس کمپلکس میں چھٹے سندھ کالج گیمز 2024کا انعقادکیا گیا، تقریب میں نگراں وزیر اطلاعات سندھ محمد احمد شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت،اس موقع پر نگراں وزیر تعلیم سندھ رعنا حسین اور سکٹریٹری کالج ایجوکیشن سندھ صدف انیس شیخ بھی موجودتھے۔ نگراں صوبائی وزیر اطلاعات اقلیتی امور سماجی تحفظ وصدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے نگراں صوبائی وزیر تعلیم رعنا حسین کے ہمراہ مشعل جلا کر چھٹے سندھ گیمز کا افتتاح کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات سندھ محمد احمد شاہ نے کہا کہ تم نوجوان نسل اس ملک کا مستقبل ہو۔چوبیس کروڑ عوام میں ساٹھ فیصد تم نوجوان ہو۔نوجوان نسل میں بڑی تعداد خواتین کی ہے۔تم سب کو آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ سونے کا چمچہ لے کر پیدا نہیں ہوئے ،چھوٹے علاقوں یا گاوں میں رہتے ہو اس سے فرق نہیں پڑتا۔ جو چیز تمہیں آگے لے کر جائے گی وہ آپ کی طاقت اور جذبہ ہے۔احمد شاہ نے مزید کہا کہ ہم سب کا کوئی چاچا ،ماما، وزیر یا جاگیردار نہیں تھا۔ہم نے خود جدوجہد کی۔ایک جنریشن نے جدوجہد کی ہے اب تم لوگوں کی باری ہے ۔نگراں صوبائی وزیر اطلاعات نے خواتین کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم جب گھر سے نکلو تو آنکھیں اور گردن اوپر ہونی چاہیے۔تم کسی سے کم نہیں ہو،اپنے آپ پر یقین کروں،بسوں میں دھکے کھا کر آتی ہو۔جدوجہد جاری رکھو کوئی چیز تمہارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو جو کام کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا ہم فیل ہو گئے تم لوگ پاس ہو۔اب زمانہ بدل گیا ہے۔تمہارے فون میں پوری دنیا کے علوم ہیں۔تمہارے رول ماڈل تمہارے فون میں ہے۔لڑکیاں دیواروں کو توڑ کر لڑکوں کو پیچھے چھوڑ کر آگے آئیں ہیں۔تم میں سے کوئی بھی بینظیر بھٹو بن سکتی ہے ،رعنا لیاقت حسین بن سکتی ہے۔تمہیں ترقی کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔اب تم سب مل کر میرے ساتھ دہراو کہ ہم کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ کے 370 کالجوں کے ہزاروں کھلاڑی اپنے اپنے علاقوں میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں،کراچی کے مختلف کالجز سے 3000 کھلاڑیوں نے چھٹے سندھ کالج گیمز میں شرکت کی اس موقع پر طلباء نے ثقافتی ٹیبلوز بھی پیش کیے۔
Home / اہم خبریں / نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور ،سماجی تحفظ وصدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے چھٹے سندھ کالج گیمز 2024 کا افتتاح کر دیا