کراچی،(رپورٹ، ذیشان حسین ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سے روزگارسہولت پروگرام کےتیسرے مرحلےکی تقریب کا انعقادکیاگیا۔تقریب کراچی کےمقامی ہال میں منعقد ہوئی ۔ جس میں سینکڑوں بےروز گارافرادکوان کی مرضی کا کاروبار فراہم کیاگیا۔ تقریب میں سینکڑوں خاندانوں کو فوڈکارٹ،ٹھیلے،لیپ ٹاپ،لوڈررکشے،موٹرسائیکل اورجوکی مشین جیسی اشیاءکاروبار کےلیےفراہم کی گئیں۔تقریب میں مرکزی مسلم لیگ سندھ وبلوچستان کے صدرفیصل ندیم ،کراچی کےصدراحمدندیم اعوان، رہنماانجینئرنعمان علی،مہدی اسحاق اورکراچی ٹاؤن صدورسمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مرکزی مسلم لیگ اس سے قبل دوپروگرامز میں سینکڑوں خاندانوں کو باعزت روزگار مہیاکرچکی ہے۔روزگار سہولت پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ سندھ و بلوچستان کے صدرفیصل ندیم نے کہاکہ حاکم وقت نااہل ہیں ۔ شہریوں کےلیے روزگار کے مواقع پیداکرنے کےبجائے شہریوں سے روزگارچھیناجارہاہے۔ حالات سے مجبور ہو کر بھائی بھائی کو قتل اور عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔مرکزی مسلم لیگ حکمرانوں کو جھنجھوڑنے کےلیے احتجاجی راستہ بھی اختیار کرےگی۔اور عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ہم اس وقت ایوانوں میں موجود نہیں جوکام حکومتوں کے کرنے کا تھا وہ مرکزی مسلم لیگ کررہی ہے۔فیصل ندیم نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں عوامی مسائل پر بات کرنے کے ساتھ مسائل کے حل پر کردار بھی ادا کریں۔ روزگار سہولت پروگرام کے سلسلے کوسندھ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں تک بڑھائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کے صدراحمدندیم اعوان نے کہاکہ عوام کو روزگار فراہم کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔لیکن بدقسمتی سے ظالم حکمران ٹیکسوں کے انبار لگاکرعوام سے روزگار چھین رہے ہیں۔ حکمران جماعتیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت معمولی سی رقم لوگوں کو اپنا ووٹ بینک مضبوط کرنے کے لیے دے رہی ہیں کہ جس سے ان کا نہ گھر کا گزارا ہو سکتا ہے ۔ قوم کو بھکاری بنایا جا رہا ہے۔مرکزی مسلم لیگ عوام کو خودمختاربنانے کے مشن پر گامزن ہے۔ عوام کو ان کے تجربے اور صلاحیت کے مطابق روزگار فراہم کر رہے ہیں ۔ ہم عوامی مسائل کو اجاگر بھی کرتے رہیں گے۔ حکمرانوں کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلانے کےلیے اپناآئینی حق بھی استعمال کریں گے۔اور ان کے ایوانوں کا گہراؤ بھی کریں گے۔مگراس کے ساتھ ہم اپنے حصے کی شمع جلانے کی بھی بات کرتے ہیں۔ جو خود کر سکیں گے۔ نعروں سے آگے بڑھ کر خود کریں گے۔ روزگار سہولت پروگرام کے ذمہ دارانجینئر نعمان علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی مسلم لیگ نے ہمیشہ اپنی مدد آپ کے تحت خدمت انسانیت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔روزگار سہولت پروگرام کے تحت سینکڑوں خاندانوں کوروزگار فراہم رچکے ہیں جو الحمدللہ اپنے خاندان کےلیے باعزت روزگار کمارہے ہیں ۔