اسلامآباد، (نوپ نیوز) نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ملک میں شفاف الیکشن کرانے اور بلوچستان میں موجودہ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جمعرات کو کوئٹہ میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی اس موقع پر انھوں نے کہا کہ وہ نگران وزیر اعظم پاکستان انوارلحق کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کے چاروں صوبوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ ملک میں آزادانہ و شفاف الیکشن منعقد کرانے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے کوشش ہے کہ ملک میں جنرل الیکشن پرامن ماحول میں منعقد ہو۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں انتخابات کے لئے تمام دستیاب وسائل مہیا کرے گی نگران حکومت ملک میں آزادانہ انتخابات کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ انتخابات کے دوران صوبے میں ووٹرز اور امیدواروں کو بھرپور تحفظ حاصل رہے گاانہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کا قیام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آفیسران اور جوانوں کا ثمر ہے حکومت اپنے جوانوں اور آفیسران کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہےانہوں نے زور دیا کہ امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے تمام اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط کیا جائے ۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر داخلہ میر زبیر جمالی نے کہا کہ تمام اداروں کی جانب سےصوبے میں عام انتخابات کے لئے جامع مکمل سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، انتظامی افسران کو بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہونگے اور الیکشن کے انعقاد میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی قبل ازیں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان زاہد سلیم نے وفاقی وزیر کو جنرل الیکشن اور امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ صوبے میں 5ہزار 28پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ہوگی جس میں قومی اسمبلی کے 16سیٹوں پر 442اور صوبائی اسمبلی کے 51سیٹوں پر 1286امیدوار انتخابات لڑ رہے ہیں۔