لاہور (اسپورٹس ڈیسک ) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن سیالکوٹ نے کوئٹہ کو10 وکٹوں سے ہرادیا۔ پشاور نے بہاولپور کو 181 رنز سے شکست دی۔ لاہور بلوز نے کراچی بلوز کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ ایبٹ آباد نے فیصل آباد کے خلاف میچ 134 رنز سے جیتا۔ پشاور کے نیاز خان نے بہاولپور کے خلاف میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایبٹ آباد کے اسرار حسین نے فیصل آباد کے خلاف دوسری اننگز میں6 وکٹیں حاصل کیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سیالکوٹ کو کوئٹہ کے خلاف جیتنے کے لیے صرف 37 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے بغیر نقصان کے حاصل کرلیا۔محمد ہریرہ 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اس سے قبل کوئٹہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 212 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عبدالواحد 35 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ اسامہ میر نے 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں فیصل آباد کو ایبٹ آباد کے خلاف جیتنے کے لیے 420 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 285 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اویس ظفر نے 61 رنز اسکور کیے۔ اسرار حسین نے 69 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں سعید اسپورٹس سٹی لاہور میں لاہور بلوز کو کراچی بلوز کے خلاف جیتنے کے لیے 206 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔حماد بٹ 78 رنز کے ساتھ قابل ذکر رہے۔عارش علی نے چار وکٹیں حاصل کیں ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں بہاولپور کو پشاور کے خلاف جیتنے کے لیے344 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 162 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عمار نے 51 رنز اسکور کیے۔ نیاز خان نے 39 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں.