کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ فنکار ہماری ثقافت کے سفیر ہیں، فنکاروں کو درپیش مسائل سے واقف ہیں، جلد حل کریں گے، فنکاروں کو انکے فن کے اظہار کے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کررہے ہیں اور بہت جلد کیفے ثقافت اسٹوڈیو کا بھی آغاز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں سندھ کے نامور فنکاروں، گلوکاروں و موسیقاروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں سیکریٹری ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز خالد چاچڑ، ڈی جی منور مہیسر، ڈائریکٹر حبیب اللہ میمن، نامور گلوکار محمد علی شہکی، شمن علی میرالی، سلمان علوی، تاج مستانی، عبدالغفور، طفیل سنجرانی، ذوالفقار علی، احمد مغل، شہنیلا علی، اظہر حسین، ممتاز مولائی، استاد فرحان رئیس خان، اصغر کھوسو و کئی نامور فنکار موجود تھے۔ اجلاس میں فنکاروں نے منصب سنبھالنے پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کو مبارکباد دی اور تفصیلی طور ہر فنکاروں کے مسائل، وظائف، ہیلتھ انشورنس و دیگر مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ فنکاروں نے ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے سچل سرمست و لعل شہباز قلندر میلے و ایوارڈز میں موقع نہ دیے جانے پر ضلعی انتظامیہ کی شکایات کیں۔ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ حکومتی سطح پر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی فنکار کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور سچل و لعل شہباز قلندر میلے و ایوارڈز سے متعلق شکایات پر ضلعی انتظامیہ سے بات چیت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے منشور کے مطابق فنکاروں کیلئے بھی صحت کارڈ لائے جائیں گے جبکہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ماہ یا دو ماہ میں ایک اجلاس منعقد کریں گے۔ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس سلسلے میں اگست میں ڈویژن کی سطح پر سندھ بھر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں جس کی کھوج کے لیے ہمیں آپکی مدد کی ضرورت ہے۔ فنکاروں نے صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
Home / اہم خبریں / فنکار ہماری ثقافت کے سفیر ہیں، فنکاروں کو انکے فن کے اظہار کے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے منشور کے مطابق فنکاروں کیلئے بھی صحت کارڈ لائے جائیں گے، سید ذوالفقار علی شاہ