لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنادیا گیا ہے۔
34 سالہ شان مسعود نے 30 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور چار سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے 1597 رنز بنائے ہیں۔
شان مسعود کو آئی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ2023-25 کے اختتام تک قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہے جو چودہ دسمبر سے شروع ہوگی۔
دوسری جانب لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری بارہ سے اکیس جنوری تک نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔
شاہین آفریدی 52 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 64 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔اور ان کی قیادت میں لاہور قلندرز نے ایچ بی ایل پی سی ایل لگاتار دو سال 2022 اور 2023میں جیتی ہے۔
شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی کو قیادت کی ذمہ داری بابراعظم کے تینوں فارمیٹس میں قیادت سے دستبردار ہونے کے بعد سونپی گئی ہے۔
پاکستان کے ون ڈے کپتان کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔