کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) نمبر تین سیڈ اویس اللہ منیر نے سابق ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف کو 48ویں این بی پی نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ میں شکست دے کر ایونٹ سے باہرکر دیا۔محمد آصف ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ایرینا پر جاری چیمپئن شپ کے دفاعی چیمپئن سلطان محمد بھی لیگ راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئے۔ایونٹ کا ناک آؤٹ مرحلہ آج شروع ہوگا۔ پانچویں روز لیگ میچوں کے اختتام پر پری کواٹر فائنل لائن اپ بھی مکمل ہو گئی۔نیشنل بینک کے اسجد اقبال،سندھ کے علی حمزہ،پنجاب کے شاہد آفتاب، سندھ کے عبدالستار،کے پی کے آکاش رفیق، پنجاب کے نسیم اختر، پنجاب کے احسن رمضان، پنجاب کے محمد اعجاز،نیشنل بینک کے محمد سجاد، اسلام آباد کے شان نعمت،سندھ کے سہیل شہزاد، پنجاب کے حارث طاہر،بلوچستان کے عادل خان، اسلام آباد کے عبدالجاوید، پنجاب کے اویس اللہ منیراور پنجاب کے بابر مسیح ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیا ب رہے۔ٹورنامنٹ ڈائرکٹر نوید کپاڈیا کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق پنجاب کے اویس اللہ منیر نے سابق ورلڈ اسنوکر چیمپئن نیشنل بینک کے محمد آصف کو 4-0سے آسان شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا،ان کی جیت کا فریم اسکور 57-38،58-0،68-39اور71-0 رہا۔دوسری جانب پنجاب کے محمد اعجاز نے دفاعی چیمپئن سلطان محمد کو 4-0سے شکست دے کر چیمپئن شپ سے آؤٹ کیا۔ دیگر میچوں میں اسلام آباد کے شان نمت نے کے پی کے شاہ خان کو 4-3سے،پنجاب کے شاہد آفتاب نے کے پی کے شرجیل محمود کو4-1سے، بلوچستان کے عادل خان نے بلوچستان ہی کے زیب خان کو4-1سے،نیشنل بینک کے محمد سجاد نے پنجاب کے نسیم اختر کو 4-2سے،کے پی کے آکاش رفیق نے اسلام آباد کے عبدالجاوید کو 4-3سے اور سندھ کے علی حمزہ نے کے پی کے سر بلند خان کو4-2سے شکست دی۔پری کواٹر فائنلز میں آج نیشنل بینک کے اسجد اقبال کا مقابلہ سندھ کے علی حمزہ سے،پنجاب کے شاہد آفتاب کا مقابلہ سندھ کے عبدالستار سے،کے پی کے آکاش رفیق کا مقابلہ پنجاب کے نسیم اختر سے،پنجاب کے احسن رمضان کا مقابلہ پنجاب کے محمد اعجاز سے،نیشنل بینک کے محمد سجاد کا مقابلہ اسلام آباد کے شان نمت سے،سندھ کے سہیل شہزاد کا مقابلہ پنجاب کے حارث طاہر سے،بلوچستان کے عادل خان کا مقابلہ اسلام آباد کے عبدالجاوید سے اور پنجاب کے اویس اللہ منیر کا مقابلہ پنجاب کے بابر مسیح سے ہوگا۔