کراچی، (نوپ نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (GDA) کے نائب صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور جنرل سکریٹری سردار عبد الرحیم کی زیر قیادت وفد نے منگل کی شب ادارہ نورحق میں ملاقات کی۔ملاقات میں عام انتخابات میں بد ترین دھاندلی اور مینڈیٹ چوری کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیااور طے کیا گیا کہ دھاندلی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔جی ڈی اے کی جانب سے جماعت اسلامی کو حیدرآباد ٹول پلازہ پر احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی گئی جسے حافظ نعیم الرحمن نے قبول کیا اور دھرنے میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔وفد میں سید منیر حیدر شاہ،جگدیش آہوجہ، عبد الکریم شر اور مظفر خان بروہی ایڈوکیٹ بھی شامل تھے۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، جنرل سکریٹری منعم ظفر خان،نائب ا مراء کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ، راجا عارف سلطان،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اورسٹی کونسل کے رکن قاضی صدر الدین بھی موجود تھے۔بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن، ڈاکٹرصفدر عباسی اور سردار عبد الرحیم نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے اندرون سندھ میں پولنگ اسٹیشن پر قبضے کرکے زبردست قسم کی دھاندلی کی اور مینڈیٹ پر قبضہ کیا۔ ہم فارم 47 کے جعلی نتائج کو قبول نہیں کرتے فارم 45 کے مطابق نتیجے جاری کیے جائیں۔ انتخابات سے قبل ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کرنے والے حکومت اور اقتدار کے حصول کے لیے غیر مشروط حمایت کررہے ہیں۔ انتخابات کے نام پر بدترین ڈرامہ رچایا گیا اور سیٹوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے۔ ہم بدترین دھاندلی اور مینڈیٹ چوری کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے۔ڈاکٹر صفدر عباسی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کے دوستوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے خیر مقدم کیا۔ دھاندلی اور مینڈیٹ کو چوری کرنے کے حوالے سے جماعت اسلامی کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن کا کراچی میں اپنی نشست نہ لینے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے منہ پر تماچہ ہے۔ عام انتخابات میں ملک کے آئینی و جمہوری تشخص کو پامال کیا گیا ہے۔ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں لکھے ہوئے فیصلوں کو سنایا گیا ہے۔ 54 نشستوں اور 75 نشستوں والے وزیر اعظم کے عہدے کا دعوی کررہے ہیں۔پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جس طرح جتوایا گیا یہ جمہوریت کے نام پر مذاق ہے۔اندرون سندھ میں ہمارے امیدواروں نے ڈیڑھ لاکھ ووٹ لے کر بھی شکست کھائی ہے۔ڈی جی اے کی جانب سے پہلا دھرنا جی ٹی روڈ ٹول پلازہ حیدر آباد پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دعوت قبول کی ہے۔جماعت اسلامی اپنے دھرنے میں دعوت دے گی تو ہم قبول کریں گے۔سردار عبد الرحیم نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ایم کیوا یم سے ہمارا کوئی اتحاد نہیں ہوا تھا بلکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تھی، ہم پورے انتخابات کو کالعدم قراردینے کا مطالبہ کرتے ہیں خواہ کسی کو بھی جتوایا گیا ہو۔