کولالمپور، (نوپ اسپورٹس) تفصیلات کے مطابق ملائشیا کے شہر کوآلالمپور میں جاری جونیئر عالمی ہاکی کپ میں پاکستان سیمی فائین کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ کواٹرفائینل میچ میں سپین نے پاکستان کو 2-4 گول سے شکست دیکر ایونٹ کا سیمی فائینل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ سپین اور پاکستان کے مابین کھیلے گئے کواٹر فائینل میچ کا آغاز تیز کھیل سے ہوا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان عبدالحنان شاہد نے کھیل کے 12ویں منٹ میں فیلڈ گول سکور کرکے پاکستان کو برتری دلائی۔ پاکستان ٹیم کو پہلے ہاف تک سپینش ٹیم پر ایک گول کی برتری حاصل رہی تاہم سپینش ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو کھیل کے تیسرے کواٹر میں یکے بعد دیگرے چار گول سکور کرکے اپنی ہار کو فتح میں تبدیل کردیا۔ پاکستان کے ناتجربہ کار گول کیپر عبدالرافع نے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپینش ٹیم کی جانب سے لگائے گئے دونوں پینلٹی کارنرز پر گول کیپر پیڈز کے درمیان سے نکلتی ہوئی بال کو روکنے میں ناکام رہے۔ سپینش ٹیم کی جانب سے تیسرے کواٹر میں کھیل کے37ویں، 38ویں، 41ویں اور 45ویں منٹ میں گول سکور کئے گئے۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول پینلٹی کارنر پر 43ویں منٹ میں سفیان خان نے سکور کیا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید ارشد منج کے ہمراہ خصوصی طور ملائشیا تشریف لے کر گئے جہاں وہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ملائشیا سٹیڈیم میں موجود تھے۔
ایونٹ کا سیمی فائینل لائن اپ مکمل ہوچکا ہے۔ جونیئر عالمی ہاکی کپ سیمی فائینل میں جرمنی ،انڈیا، فرانس اور سپین کی ٹیموں نے کوالیفائی کرلیا ہے پاکستان 5ویں تا 8ویں پوزیشن میچز کے لئے آسٹریلیا کے مدمقابل 14 دسمبر کو کھیلے گا
Home / اہم خبریں / جونیئر عالمی ہاکی کپ کواٹرفائینل میں اسپین نے پاکستان کو 2-4 گول سے شکست دیکر سیمی فائینل میں رسائی حاصل کرلی