کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹائٹل اسپانسرشپ کے معاہدے میں توسیع کا اعلان کیا ہے اس معاہدے کے تحت آئندہ دو ایڈیشنز بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کہلائیں گے، جو پاکستان کرکٹ اور ایچ بی ایل کے طویل المدتی تعلق کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔
ایچ بی ایل نے آزاد ماہر کے طے کردہ فیئر مارکیٹ ویلیو کے مطابق اپنی اسپانسرشپ برقرار رکھنے کا حق استعمال کیا ہے ایچ بی ایل 2016 سے پی ایس ایل کا واحد اور فخر سے ٹائٹل اسپانسر ہے، اور اس عرصے کے دوران ٹائٹل اسپانسرشپ کی قدر میں 505 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور مارکیٹ ویلیو کا مظہر ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ “ہم ایچ بی ایل کے غیر معمولی تعاون پر انتہائی مشکور ہیں ایچ بی ایل کا پی ایس ایل کے ساتھ سفر پاکستان کرکٹ کے اعتماد اور ترقی کی علامت ہے۔ یہ محض اسپانسرشپ نہیں بلکہ ایک مضبوط شراکت داری ہے، جسے ہم آئندہ سیزنز میں مزید کامیابی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔”
ایچ بی ایل کے چیف انفارمیشن اینڈ ٹرانسفارمیشن آفیسر ابرار احمد میر نے کہا کہ “ایچ بی ایل کے لیے دو مزید سالوں تک پاکستان سپر لیگ کا حصہ رہنا باعثِ فخر ہے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت بنانا اور ملک بھر میں کمیونٹیز کی خدمت کرنا ہے۔” جبکہ چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر علی حبیب نے کہا کہ “ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک قومی ادارہ بن چکا ہے سپانسرشپ میں توسیع ہمارے ‘این ایبلنگ ڈریمز’ کے فلسفے اور پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔”