کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) نیشنل بینک کے اسجد اقبال اور پنجاب کے اویس اللہ منیر نے این بی پی 48ویں نیشنل اسنوکرچیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ایرینا میں جاری چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز میں سندھ کے سہیل شہزاد اور پنجاب کے محمد نسیم اختر کو شکست ہو گئی۔اسجد اقبال نے 108کا بریک بھی کھیلا۔فائنل آج کھیلا جائے گا جس کے مہمان خصوصی نیشنل بینک آف پاکستان کے قائمقام صدر عبدالواحد سیٹھی ہونگے جو چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں انعامات تقسیم کریں گے۔بیسٹ آف الیون فریمز پر مشتمل پہلے سیمی فائنل میں نیشنل بینک کے اسجد اقبال نے پنجاب کے نسیم اختر کو 6-1کے اسکور سے با آسانی شکست دے دی۔ان کی جیت کا فریم اسکور 63-39،50-67،65-39،79-00،98-00،74-63اور108-00رہا۔اسجد اقبال نے اس میچ میں 108کا بریک بھی کھیلا۔دوسرے سیمی فائنل میں پنجاب کے اویس اللہ منیر نے سندھ کے سہیل شہزاد کو 6-2سے مات دے کر ٹائٹل میچ کے لئے کوالیفائی کیا۔ان کی جیت کا فریم اسکور 1-0،89-17،64-49،25-79،16-62،71-64،64-59اور73-25رہا۔بیسٹ آف 13فریمز پر مشتمل فائنل آج کھیلا جائے گا۔