کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام 41ویں نیشنل ایلیٹ مینز اور پانچویں نیشنل ایلیٹ ویمنز باکسنگ چیمپین شپ آج (پیر) سے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جمنازیم میں شروع ہو رہی ہے،جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد ہونے والییمپئن شپ کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر کریں گے۔یہ بات پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل میجر عرفان یونس نے گزشتہ روز کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتائی،اس موقع پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اصغر بلوچ،کے پی ٹی اسپورٹس منیجر میجر(ر) محمود لغاری اور یونس پٹھان بھی موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ چھ روزہ باکسنگ چیمپئن شپ میں ڈپارٹمنٹس اور صوبوں کی14 ٹیموں کے140مینز اور112ویمنز باکسرز شرکت کریں گی۔چیمپئن شپ میں مردوں کے10اور خواتین کے آٹھ ویٹس میں مقابلے ہونگے جن کے فائنلز15فروری کو کھیلے جائیں گے۔مجموعی طور پر چیمپئن شپ میں 300باکسرز اور آفیشلز شرکت کریں گے۔چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پاکستان آرمی،پاکستان نیوی،پاکستان ایئر فورس،واپڈا،پاکستان ریلویز،کراچی پورٹ ٹرسٹ،سندھ،پنجاب،خیبر پختونخوا،بلوچستان،اسلام آباد،آزاد جموں کشمیر،ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان پولیس شامل ہیں۔چیمپئن شپ کے قواعد کے مطابق ہر ویٹ کٹیگری کے فاتح گولڈ میڈلسٹ مین اور ویمن باکسر کو چیمپئن شپ بیلٹ تفویض کی جائے گی۔