بینونی، (نوپ انٹرنیشنل اسپورٹس) آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، آسٹریلیا نے پاکستان کا 180 رنز کا ہدف 49.1 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ٹام سٹراکر کو 6 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کو ویلو مور پارک بینونی میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.5 اوورز میں 179رنز پر آئوٹ ہوگئی اذان اویس اور عرفات منہاس نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، دونوں بیٹرز 52،52 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جبکہ اوپنر شمائل حسین 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کے 8 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، شاہزیب خان 4، کپتان سعد بیگ 3، احمد حسن 4، ہارون ارشد 8، عبید شاہ 6، محمد ذیشان 4 اور علی رضا صفر پر آئوٹ ہوئے، نوید احمد خان9 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ٹام سٹراکر نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، ماہلی بیرڈ مین، کالم ویڈلر، راف میک ملن اور ٹام کیمبل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کی پاکستان انڈر 19 کا180 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 49.1 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، پاکستانی بائولرز کے سامنے آسٹریلوی بیٹرز مشکلات کا شکار نظر آئے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ اوپننگ بیٹر ہیری ڈکسن نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 50 رنز بنائے، اولیور نے 49 اور ٹام نے25 رنز بنائے، آخری اوور میں آسٹریلیا کو میچ میں فتح کے لئے صرف تین رنز درکار تھے جبکہ اس کی ایک وکٹ باقی تھی، میک ملن نے پہلی بال پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا وہ 9 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی طرف سے علی رضا نے 34 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، عرفات منہاس نے دو، عبید شاہ اور نوید احمد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح آسٹریلیا نے پاکستان کو میچ میں ایک وکٹ سے شکست دے کر انڈر 19ورلڈ کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے، فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ بھارت کے ساتھ ہوگا۔