کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ یوتھ اسپورٹس اور دی آر پاکستان کے تحت انٹر میڈیا ویلکم ولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا، بلدیہ عظمی کراچی کے اشتراک سے ایسٹرن کرکٹ اسٹار گراؤنڈ میں جاری ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سجاس ریڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔ شاہد انصاری 81, محسن رضا 20 اور شاید غفار 16 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے، جواب میں ٹوئینٹی فور ایچ ڈی نیوز نے ہدف انیسویں اوور میں چار وکٹوں پر حاصل کرلیا، فاتح ٹیم کے ذین الحسن 76 رنز بناکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، 20 رنز کے ساتھ سجاد خان ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسرے میچ میں ریڈیو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوور میں جیو نیوز کے خلاف انیس الرحمن کی 89 رنز کی مدد سے 153 رنز بنائے، انیس الرحمن کے علاؤہ ریڈیو پاکستان کا کوئی کھلاڑی جیو نیوز کے بولرز کا سامنا نہیں کرسکا، جواب میں جیو نیوز نے ہدف پندرہویں اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا جعفر حسین شاندار جارحانہ اور فتح گر اننگز کے باعث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، جعفر حسین نے 37 گیندوں پر گیارہ چوکوں اور چھ بلند بالا چھکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے۔