کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) بینک دولت پاکستان کے گورنر جناب جمیل احمد نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں منعقدہ ایک تاریخی تقریب میں ڈجیٹل ریٹیل بینک (ڈی آر بی) کا پہلا لائسنس ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ (سابقہ ٹیلی نار مائکروفنانس بینک لمیٹڈ) کو دے دیا جس کے بعد اسے کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کو ڈی آر بی لائسنس دیے جانے سے توقع ہے کہ جدت طرازی کو فروغ ملے گا، مالی شمولیت میں اضافہ ہوگا، اور سستی ڈجیٹل مالی خدمات عام لوگوں کی پہنچ میں ہوں گی۔ تقریب میں ڈجیٹل بینکوں کے سی ای اوز، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان، اور ایزی پیسہ بینک کی سینئر انتظامیہ اور اسٹیٹ بینک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کلیدی خطاب میں پاکستان میں ڈجیٹل بینکاری فریم ورک کی تشکیل اور لائسنس جاری کرنے کے ایک منظم طریقے کے ذریعے ڈجیٹل بینکوں کے قیام میں سہولت دینے میں بینک دولت پاکستان کے تزویراتی کردار (strategic role) کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کو اپنے اسپانسر Ant Group سے سیکھنا چاہیے اور پاکستان میں چھوٹی اور درمیانی درجے کی انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) میں ڈجیٹل تبدیلی لانے کو اپنی ترجیح بنانا چاہیے۔ گورنر نے لائسنس کے حصول جیسے سنگِ میل کی بنیادی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور ڈجیٹل بینکوں کو ترغیب دی کہ وہ جدت پسندی اختیار کریں اور افراد، مائکرو، چھوٹی اور درمیانی انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کی ضروریات کے مطابق صارف پر مرتکز مصنوعات تیار کریں اور مالی خدمات سے نیم محروم دیگر طبقوں کو نظرانداز نہ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسا کرنا مالی شمولیت کے فروغ اور معاشی نمو بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے تیز رفتار تکنیکی ترقی سے وابستہ چیلنجوں سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دو اہم امور یعنی صارفین کی ڈجیٹل خواندگی اور سائبر سیکیورٹی اقدامات پر توجہ دلائی تاکہ صارفین کے اعتماد کو تحفظ ملے اور مالی نظام کی سالمیت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے یہ اعتماد بھی ظاہر کیا کہ لائسنس کے اجرا کے بعد ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ جدت طرازی، صارفین پر مرتکز، اور سستی ڈجیٹل مالی سہولیات کو ترجیح دے گا، خاص طور پر معاشرے کے لیے جو ان سہولتوں سے محروم یا نیم محروم ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کی کوششیں مالی شمولیت اور ڈجیٹلائزیشن کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ واضح رہے کہ جنوری 2023ء میں، اسٹیٹ بینک نے پانچ کامیاب درخواست دہندگان کو این اور سی کی اسنادجاری کی تھیں۔ ان میں HugoBank لمیٹڈ، KT بینک پاکستان لمیٹڈ، مشرق بینک پاکستان لمیٹڈ، Raqami اسلامک ڈجیٹل بینک لمیٹڈ،اور لائسنس ایزی پیسہ بینک لمیٹڈشامل ہیں۔ ان اداروں کا انتخاب کڑی جانچ کے بعد کیا گیا، جس میں کلیدی معیارات بشمول نظم و نسق اور اہلیت، صنعتی مہارت، مالی استعداد، کاروباری حکمت عملی، نفاذی فریم ورک، فنڈنگ کے منصوبے، آئی ٹی اور سائبرسیکورٹی انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا گیا۔ ان بینکوں کو ستمبر 2023ء میں آپریشنل تیاری کے لیے اصولی منظوری ملی تھی، اب مطلوبہ شرائط پوری کرنے پر ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ کو بطور ڈجیٹل ریٹیل بینک کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے تقریب میں ایزی پیسہ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈجیٹل مالی خدمات کی فراہمی میں جدت طرازی کے فروغ کے لیے اپنے وژن اور عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نےاسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بھرپور تعاون پر اظہارِ تشکر کیا اور صارفین پر مرتکز اور مالی شعبے میں تکنیکی ترقی کے نئے معیارات قائم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔