ایسٹ لندن، (رپورٹ، ذیشان حسین) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیپال کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی، پاکستان انڈر 19 نے نیپال کا 198 رنز کا ہدف 48 ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اذان اویس کو 63رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا بدھ کے روز بفیلو پارک ایسٹ لندن میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 ون ڈے ورلڈ کپ کے 14ویں میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتوپوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 197 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ بیپن راول 39، دیپک ڈومرے 26، کپتان دیو کھانل 23 اور سبھاش بھنڈاری 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، آکاش چاند 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے پاکستان کی طرف سے عرفات منہاس نے 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، فاسٹ بائولر عبید شاہ اور احمد حسن نے دو دو، خبیب خلیل، محمد ذیشان اور علی اسفند نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان انڈر 19 نے نیپال کا 198 رنز کا مطلوبہ ہدف 47.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا قومی ٹیم کے اوپنرز شامل حسین اور شاہزیب خان نےپہلی وکٹ کی شراکت میں 80 رنز بنا کر ٹیم کو جاندار آغاز فراہم کیا، دونوں اوپنرز نے 37,37 رنز کی اننگز کھیلیں، 104 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز اذان اویس نے احمد حسن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا ، 168 کے مجموعی سکور پر احمد حسن 29 رنز پر آئوٹ ہوئے تو اذان اویس نے دوسرے اینڈ پر سکور بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا، وہ 82 بالوں پر 63 رنز کی اننگزکھیل کر ناٹ آئوٹ رہے نیپال کی طرف سے آکاش چاند نے تین، دیپیش کاندل اور آکاش تریپاتی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم گروپ ڈی میں دو فتوحات کے ساتھ سرفہرست آگئی ہے۔