کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس (SOVAPA) المنائی سیریز کے تحت تھیٹر ڈرامہ ’’ڈیتھ اینڈ دی میڈن‘‘ اسٹوڈیو ٹو میں پیش کیا گیا، جسے شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ معروف چلی نژاد امریکی مصنف، ڈرامہ نگار اور مضمون نگار ایریل ڈورفمین کے تحریر کردہ ڈرامے کو فیصل خلیق نے اردو زبان میں ہدایات دیں، جبکہ ماتی مختلف، عابدہ بخاری اور علی حسن نے مرکزی کردار ادا کیے۔ فنکاروں کی پُراثر اداکاری کو حاضرین نے سراہا۔
70 منٹ دورانیے پر مشتمل اس نفسیاتی تھرلر میں تین کرداروں کے درمیان ایک ہی رات میں ہونے والی کشمکش کے ذریعے ماضی کے راز، تشدد کی یادیں، جرم، معافی، انصاف اور انتقام جیسے حساس موضوعات کو اجاگر کیا گیا۔ ڈرامے میں دفن شدہ سچائیوں کے دوبارہ سامنے آنے کے بعد انصاف اور ذاتی انتقام کے درمیان موجود باریک لکیر کو موضوع بنایا گیا ہے، جبکہ کہانی یہ سوال بھی اٹھاتی ہے کہ ظلم کا شکار فرد انصاف کے حصول کے لیے کس حد تک جا سکتا ہے اور کیا ذاتی انتقام کبھی حقیقی انصاف کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔