کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 17روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول 2024ء“ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیاگیا جس میں معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سینئر اداکار ونائب صدر آرٹس کونسل منور سعید اور سیکریٹری اعجاز فاروقی نے بریفنگ دی۔ پریس کانفرنس میں چیئرمین ڈرامہ کمیٹی و سینئر اداکار سید شہزاد رضا نقوی،اسجد بخاری، اقبال لطیف، پرویز صدیقی ، سلیم آفریدی، آدم راٹھور اور شکیل شاہ سمیت بڑی تعداد میں فنکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف دانشور انور مقصود نے کہاکہ سندھ جن حالات سے گزر رہا ہے ایسے میں اتنے بڑے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کا ہونا خوش آئند بات ہے، لیاقت سولجر اور شہزاد نقوی کے شوز بھی میں نے دیکھے ہیں، عوامی تھیٹر دیکھنے والی مخصوص عوام ہے جس کے آگے دنیا کے بڑے سے بڑا اداکار آجائے مگر اس کی بات ہی کچھ الگ ہے، آرٹس کونسل کی ٹیم بہت محنت سے کام کررہی ہے، انہوں نے کہاکہ تھیٹر میں اسکرپٹ پر خاص توجہ دینا چاہیے، کامیابی تو پہلے سے ہی آرہی ہے، جتنے مقبول آپ لوگ ہیں ہال تو ویسے ہی بھر جائے گا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کی افتتاحی تقریب 8نومبر جمعہ کو منعقد کی جائے گی ، ہم نے گزشتہ دنوں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا فیسٹیول کیا ہے، جس میں کوسووو اور فلسطین کا تھیٹر تھا، فزیکل تھیٹر ہوا، ہم نے میوزک اور ڈانس کے لوگوں کو جمع کیا، ہم فیسٹیول تو کرتے آئے ہیں مگر میں سمجھتا ہوں ورلڈ کلچر فیسٹیول ہماری بڑی کامیابی ہے، انہوں نے بتایا کہ پورا سال دنیا بھر کے تھیٹر اور میوزک ڈائریکٹر آرٹس کونسل میں ورکشاپ کریں گے جس سے بچوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا، یہ ہمارے بچے ہیں ، سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی مرتے دم تک یہ سفر جاری رہتا ہے، انہوں نے کہاکہ جو یہ سوچتا ہے کہ اسے سب کچھ آتا ہے وہ سب سے بڑا جاہل ہے، اگلے برس اکتوبر میں شاندار فیسٹیول کریں گے، انہوں نے کہاکہ میں آج تھیٹر کی تاریخ کو ساتھ لے کر آیا ہوں، عوامی تھیٹر فیسٹیول ایک روایت ہے جس کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے جاری رکھا ہوا ہے، انور مقصود ہمارے ملک کی ادبی شخصیت ہیں انہیں بھی تھیٹر سے بڑا لگاﺅ ہے، منور سعید بھی برسوں سے تھیٹر کررہے ہیں، احمد شاہ نے بتایا کہ انور مقصود بہت جلد ڈسٹرکٹ سینٹرل آرٹس کونسل میں خواجہ معین الدین ہال کا افتتاح کریں گے، سینئر اداکار و نائب صدر منور سعید نے کہاکہ میرا ڈرامہ مرزا اینڈ سنز بہت مقبول ہوا، قوی نے میرے بیٹے کا کردار اد اکیا، قوی کمال کا اداکار تھے، تھیٹر سے میں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا پھر ریڈیو، ٹی وی اور فلم میں کام کیا، تھیٹر سے اچھی ٹریننگ کہیں اور نہیں مل سکتی، آرٹس کونسل عوامی تھیٹر فیسٹیول کررہے ہیں اللہ آپ کو کامیاب کرے، اتنے لوگوں کے سامنے پرفارم کرنا آسان بات نہیں، تھیٹر اداکاری بڑی ذمہ داری کا کام ہے بہت سمجھ داری سے اسٹیج پر اداکاری کرنا ہوتی ہے، آج کے سیکھنے والوں سے کہنا چاہوں گا کہ بہت ذمہ داری اور احتیاط سے تھیٹر میں کام کرو، اس کے بعد آپ جہاں بھی کام کریں گے کامیاب ہوں گے، واضح رہے کہ 8 نومبر کو شروع ہونے والا 17روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول “ 24نومبر تک جاری رہے گا جس میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف زبانوں میں تھیٹر ہوگا ، ڈرامہ رات 8بجے پیش کیا جائے گا۔