کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کے تحت فائنل ایئر کے طلباء کے تھیسز شو کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری و حسینہ معین ہال میں کیاگیا۔۔تھیسیز ڈسپلے کا افتتاح معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود اور صوبائی وزیر اطلاعات ، اقلیتی امور، سماجی تحفظ اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کیا ان کے ہمراہ سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی، رکن گورننگ باڈی چاند گل اور فرخ شہاب سمیت اسکول کے پرنسپل اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ تھیسز شو میں فائن آرٹس ،ٹیکسٹائل ڈیزائننگ ،گرافک ڈیزائنگ اور کمیونیکیشن ڈیزائنگ کے طلباءکی بنائی ہوئی تخلیقات نمائش کے لیے پیش کی گئیں، معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے تھیسیز ڈسپلے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ڈیڑھ برسوں میں پہلی بار کہیں جا کر اتنی خوشی ہوئی ہے، میں نے طویل عرصے بعد بہت عمدہ کام دیکھا ہے، انہوں نے کہاکہ ان بچوں کا تعلق مڈل کلاس سے ہے یہ بچے اپنی محنت سے آگے آئے ہیں ۔سب کا کام دیکھ کہ جی خوش ہوا۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کا مستقبل اچھا ہے چاہے وہ تصاویر میں ہی کیوں نہ ہو۔احمد شاہ سمیت آرٹ اسکول کے اساتذہ اور تمام طلباءمبارکباد کے مستحق ہیں، نگراں صوبائی وزیر اطلاعات اقلیتی امور سماجی تحفظ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ہم نے یہ ادارہ بہت جدوجہد کے بعد حاصل کیا ہے اس پر قبضہ ہوچکا تھا، ہم اس آرٹ اسکول کے لیے عدالت تک گئے، پرائیوٹ سیکٹر کا سب سے پہلا آرٹ اسکول خراب ترین حالات میں تھا، انہوں نے کہاکہ اس ادارے میں پینے کو پانی تک نہیں ملتا تھا، اس آرٹ اسکول میں بہت بڑا حصہ یہاں کے اساتذہ کا ہے، انہوں نے مزید کہاکہ جن بچوں کا کام ڈسپلے ہوا ہے ان کے مالی حالات ایسے نہیں تھے کہ یہ آرٹ کی مہنگی تعلیم حاصل کر سکیں، ان بچوں کو مفت تعلیم مہیا کی گئی، آج ہر آرٹ کے ادارے میں آرٹس کونسل کے آرٹ اسکول کے بچوں کا ذکر ہوتا ہے، یہاں کے فارغ التحصیل بچے کامیابی سے اپنا کام کر رہے ہیں، ان طلباءکو ابھی سے پیشہ وارانہ کام ملنا شروع ہوگیا ہے، انہوں نے کہاکہ ہم ماسٹرز کلاسز کا آغاز کررہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ میں نے انور مقصود کی انگلی پکڑ کر چلنا سیکھا، انور مقصود میرے مینٹور اور بڑے بھائی ہیں، یہاں جب صادقین رہتے تھے تو انور مقصود ان کے ساتھ ہوتے تھے، میڈیا کا شکر گزار ہوں کہ وہ آرٹس کونسل کو بھرپور سپورٹ کرتے ہیں۔تھسیز شو میں ACIACکے 31طلباءنے حصہ لیا جن میں 19فائن آرٹ، 8گرافک ڈیزائننگ اور 4 ٹیکسٹائل ڈیزائن کے طلباء شامل ہیں۔ فائنل ایئر تھیسز شو میں حصہ لینے والے طلباءمیں زرناب بلوچ، محمد جواد حسن، آکاش ویراج،زینت خان، فاطمہ خان، کبیر عطا محمد، عاشق علی، حبیبہ مجیب، ناہید نور، کرن اسلم، یاسر نور، دراب منیر، شہزاد بلوچ، اسٹفن، وسیم ناصر، سحر افشاں، بختیار احمد، اذکا لطیف، Lewisصابر، سید نور حسین رضوی، بسمہ عابد، زینب عبدالرشید، شیزہ شوکت، ناظیف شیخ، سچن رام جی، خواجہ مبشر ،اسد علی، سائرہ اقبال، زینت سومرو، فضا فاطمہ اور آکاش کمارشامل ہیں۔واضح رہے کہ ان طلباء میں تین طالبات ایسی ہیں جو قوت سماعت و گویائی سے محروم ہیں۔